حیدر آباد: بھارتی فلم آر آر آر کے گانے ناٹو ناٹو کو آسکر ایوارڈ ملنے پر ملک بھر میں خوشی کا اظہار کیا جارہا تھا اور عین اس لمحے جب اس فلم کا تذکرہ ملک کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں کیا جارہا تھا تو ملک کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے تلنگانہ کے صدر سنجے بنڈی بھی مبارکباد پیش کرنے والوں میں شامل ہوگئے۔ یہ وہی بنڈی سنجے ہیں جنہوں نے 2020 میں اس فلم کے حوالے سے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور اس کے ڈائرکٹر راجا مولی کو نتائج بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔ راجیہ سبھا میں بی جے پی کے لیڈر اور مرکزی وزیر پیوش گوئل نے نہ صرف اس فلم کی تعریف میں پل باندھے بلکہ اس کے بنانے والوں کی بھی کھل کر تعریف کی۔ BANDI SANJAY Congratulate RRR Team
راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکر نے بعد ازاں ایوان کے سبھی اراکین کو اس فلم کی تعریف و توصیف میں بولنے کے لیے مدعو کیا۔ پیوش گوئل نے ایوان کو بتایا کہ اس فلم کے اسکرین رائٹر وی وجیندر پرساد، اصل میں وزیر اعظم مودی کی رائے پر راجیہ سبھا کے رکن بنائے گئے۔ انہوں نے اس طرح فلم اور مودی کا بھی ایک قسم کا رشتہ جوڑ دیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب یہ معلوم ہوا کہ فلم میں جونیئر این ٹی آر جو کردار نبھا رہے ہیں، اس میں وہ ایک مسلمان کا روپ دھارن کرتے ہیں۔ اس بات پر بنڈی سنجے نے دو سال قبل ڈائکٹر راجا مولی کو حملے کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔ اپوزیشن رہنما راما سگھندن نے انڈین ایکسپریس کی ایک خبر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ بی جے پی لیڈر نے آر آر آر دکھانے کی پاداش میں سینما گھروں کو آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔