ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور عامر خان کی جوڑی ایک بار پھر سلور اسکرین پردھوم مچاتی ہوئی نظر آسکتی ہے۔ سلمان خان اور عامر خان نے 1994 میں فلم انداز اپنا اپنا میں کام کیا تھا۔ چرچا ہے کہ عامر خان نے سلمان خان کو ایک فلم کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے سلمان کے ساتھ فلم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ عامر خان نے سلمان خان کو ایک نئی فلم کی پیشکش کی ہے، جسے وہ 'عامر خان پروڈکشن' کے بینر تلے بنانے کے خواہشمند ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے عامر خان ہدایت کار آر ایس پرسنا کے ساتھ ایک اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں۔ فائنل ڈرافٹ ہاتھ میں ہونے کے بعد، عامر کو لگتا ہے کہ سلمان خان اس لارجر دین لائف فلم کے لئے بالکل فٹ ہیں۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو سلمان-عامر کی جوڑی ایک بار پھر سلور اسکرین پر دھوم مچاتی نظر آسکتی ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی آئندہ فلم کسی کا بھائی کسی کی جان کا ٹیزر شاہ رخ خان کی ایکشن فلم پٹھان کی سینما گھروں میں نمائش کے دوران دکھایا گیا۔ ٹیزر کا آغاز سلمان خان کے صحرا میں موٹر سائیکل چلانے سے ہوتا ہے اور پھر وہ میٹرو میں بدمعاشوں کو مارتے نظر آتے ہیں۔ اس میں انہیں اداکارہ پوجا ہیگڑے کے ساتھ رومانس کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ تقریباً ایک منٹ 40 سیکنڈ کے ٹیزر میں ایکشن کے کئی مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔ فرہاد سامجی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں وینکٹیش ڈگوبتی، پوجا ہیگڑے، جگپتی بابو، بھومیکا چاولہ، وجیندر سنگھ، ابھیمنیو سنگھ، راگھو جویال شامل ہیں۔ ٹیلی ویژن اداکارہ شویتا تیواری کی بیٹی پلک تیواری اور شہناز گل اس فلم سے بڑے پردے پر ڈیبیو کریں گی۔