ممبئی: بالی ووڈ میں شاہد کپور ایک ایسے اداکار کے طور شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی رومانوی شبیہ کے ذریعہ ناظرین کے درمیان ایک منفرد شناخت بنائی۔ دہلی میں 25 فروری 1981 کو پیدا ہوئے شاہد کپور کو اداکاری وراثت میں ملی ہے۔ ان کے والد پنکج کپور مشہور اداکار ہیں۔ شاہد کپور نے اپنے کریئر کا آغاز اشتہاری فلموں سے کیا ہے۔ بطور اداکار انہوں نے کرئیر کا آغاز 2003 میں آئی فلم ’عشق وشق‘ سے کیا تھا۔ یہ فلم کامایب رہی اور انہیں فلم فیئر کے ڈیبو اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فلم عشق وشق کے بعد شاہد کپور نے ’فدا، دل مانگے مور، دیوانے ہوئے پاگل، واہ لائف ہو تو ایسی، شکھر، 36 چائنا ٹاؤن، چپ چپ کے‘ جیمی چند فلموں میں کام لیکن یہ سبھی فلمیں فلاپ رہیں۔ سال 2006 میں انہیں سورج بڑجاتیہ کی فلم ’وِواہ‘ مں کام کرنے کا موقع ملا۔ شاہد نے اس فلم میں اپنی سنجیدہ اداکاری سے شائقین کے دل جیت لیے۔ یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی اور اسی کے ساتھ شاہد فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت قائم کرنے میں بھی کامیاب رہے۔
سال 2007 کی فلم جب وی میٹ شاہدکپور کے کریئر کی کامیاب فلم ثابت ہوئی۔ امتیاز علی کی ہدایت میں بنی فلم میں شاہد کپور اور کرینہ کپور کی جوڑی کو مداحوں نے بے انتہا پسند کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم کے لیے شاہد کپور کو بہترین اداکار کے لیے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ۔ 2009 میں فلم کمینے شاہد کپور کی ایک اور اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں شاہد کپور نے ڈبل رول ادا کیا۔ اس فلم کے لئے بھی شاہد کپور کا نام فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔