نئی دہلی: ہندی فلم انڈسٹری کے سب سے شرمیلے ہستی کے طور پر شمار کیے جانے پر اریجیت سنگھ نے بتایا کہ وہ ' میڈیا سے بالکل شرماتے نہیں ہیں۔ میڈیا ایک کاروبار ہے اور میرا اس کاروبار سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ میرا کاروبار صرف میرے کام سے ہے۔ میں کام کرتا ہوں اور اگر یہ اچھا ہوتا ہے تو یہ میڈیا کے لیے ایک پروڈکٹ ہوتا ہے۔ میں یہاں اہم نہیں ہوں اس لیے میں اس سے گریز کرتا ہوں۔ یہ مجھے پرامن رکھتا ہے'۔Arjit Singh About Media
چنا میریا، تم ہی ہو، پھر بھی تم کو چاہوں گا، اس کا ہی بنانا، اے دل ہے مشکل، گیروا اور کیسریا جیسے مقبول ترین نغموں میں اپنی آواز دینے والے اریجیت نے کئی ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں، جن میں نیشنل ایوارڈ، چار مرچی میوزک ایوارڈز، ایک اسٹار ڈسٹ ایوارڈ، تین آئیفا ایوارڈ، دو زی سائن اور دو اسکرین ایوارڈز شامل ہیں۔ گلوکار نے لائیو پرفارمنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ' لائیو پرفارمنس ایک امتحان کی طرح ہے۔ ہم تیاری کرتے ہیں اور پرفارم کرتے ہیں'۔
تین سال کے وقفے کے بعد 'ون نائٹ اونلی۔ انڈیا ٹور' کے لائیو پرفارمنس کرنے والے اریجیت سنگھ نے کہا کہ 'یقینا چند غلطیاں ہونے کے امکانات ہوتے ہیں، اس لیے لائیو پرفارمنس کے دوران میں ہر وقت چوکنا رہتا ہوں۔ یہ مجھے مختلف موسیقی کے آلات کو براہ راست استعمال کرنے اور مجھے اپنے حصے کو یاد کرنے میں مشغول رکھتا ہے۔ اسے کرنا ہمیشہ مزے دار ہوتا ہے'۔ ون نائٹ اونلی ۔ انڈیا ٹور کا پہلا مرحلہ ممبئی میں 26 نومبر کو شروع ہوگا، اس کے بعد دہلی میں 3 دسمبر اور حیدرآباد میں 17 دسمبر کو ہوگا۔ پھر آئندہ سال بنگلور اور کلکتہ میں بھی گلوکار یہ شوز کریں گے۔
کنسرٹ کے بارے میں پرجوش ہوتے ہوئے گلوکار کہتے ہیں کہ ' مجھے نہیں معلوم کہ ابھی ہم کتنے تیار ہیں کیونکہ ٹور کیے ہوئے تین سال ہوچکے ہیں اور ہمارے اطراف میں موجود ہر چیز بدل گئی ہے۔ یہ دورہ میرے لیے کام کرنے اور تربیت پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کا موقع ہے'۔