ستیہ، شول، گینگز آف واسے پور اور علی گڑھ جیسی فلمیں میں شاندار اداکاری کرنے والے اداکار منوج باجپائی کا ماننا ہے کہ وہ 'اسٹار' نہیں ہیں۔ انہوں نے امیتابھ بچن، سلمان خان اور شاہ رخ خان کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ 'اگرچہ شائقین ان کی کام کی عزت کرتے ہیں لیکن اصلی اسٹار سلمان، شاہ رخ اور امیتابھ ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں اس بات کا بھی حوالہ دیا کہ کیسے اتوار کے روز امیتابھ بچن کے گھر کے باہر ایک بڑی تعداد ان کی ایک جھلک پانے کے لیے انتظار کر رہی ہوتی ہے۔ Manoj Bajpayee on Stardom
اداکار منوج پاجپائی سے ایک انٹرویو میں جب یہ پوچھا گیا کہ 'وہ اسٹار ہونے پر کیسا محسوس کرتے ہیں'۔ آر جے سدھارتھ کنن کے ساتھ ایک انٹرویو میں منوج نے کہا کہ 'اسٹار پتہ ہے کیا ہوتا ہے، اسٹار ہوتا ہے بچن صاحب کے بنگلو سے کبھی کبھی گزرتا ہوں، راستہ جام ہوتا ہے۔ 80 سال کی عمر میں لوگ ان کو دیکھنے کے لیے اتوار کو بڑی تعداد میں کھڑے ہوتے ہیں۔ سلمان خان کو دیکھو لاٹھی چارج کرنا پڑ جاتا ہے۔ صرف اپنے بالکونی سے آکر ہاتھ ہلاتا ہے آدمی۔ شاہ رخ اپنے بالکونی میں آتا ہے اور کھڑا ہوتا ہے، یہ ہوتے ہیں اسٹارز'۔
واضح رہے کہ ہر اتوار کو امیتابھ بچن کے گھر جلسہ کے باہر ایک بہت بڑا ہجوم دیکھنے کو ملتا ہے۔ لوگ دور دور سے ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ شاہ رخ خان بھی تمام اہم موقع پر اپنی رہائش گاہ منت کے باہر انتظار کر رہے اپنے سینکڑوں مداحوں سے ملتے ہیں۔ خاص طور پر پٹھان کی ریلیز سے پہلے اور ریلیز کے بعد سے وہ ہر ہفتہ مداحوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ سلمان خان اپنی سالگرہ اور خاص مواقع پر اپنے گلیکسی اپارٹمنٹ کی بالکونی میں آکر مداحوں سے ملتے ہیں۔ گزشتہ سال سلمان کی سالگرہ والے دن مداحوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ پولیس کو انہیں قابو میں کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا پڑا تھا۔