ممبئی: اسٹیج شو سے اپنے کیریئر کا آغاز کر کے کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے والے ہندی سنیما کے مشہور گلوکار سونو نگم اپنے نغموں سے آج بھی سامعین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔ سونو نگم کی پیدائش ہریانہ کے فرید آباد شہر میں 30 جولائی 1973 کو ہوئی۔ بچپن سے ہی سونو نگم کا رجحان موسیقی کی جانب تھا اور وہ بھی اپنے والدین کی طرح گلوکار بننا چاہتے تھے۔ اس سمت میں آغاز کرتے ہوئے انہوں اپنے والد کے ساتھ محض تین سال کی عمر سے اسٹیج پروگراموں میں حصہ لینا شروع کر دیا۔ سونو نگم 19 سال کی عمر میں گلوکار بننے کا خواب لے کر اپنے والد کے ساتھ ممبئی آ گئے۔ يہاں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔زندگی گزارنے کے لیے وہ اسٹیج پر محمد رفیع کے گائے گانو کے پروگرام پیش کیا کرتے تھے۔ اسی دوران مشہور کمپنی ٹی سيريز نے ان کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے ۔ ان کے گائے گانو کا البم رفیع کی یادیں نكالا۔ سونو نگم نے گلوکاری کے طور پر اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم جنم سے کیا لیکن بدقسمتی سے یہ فلم ریلیز نہیں ہوسکی ۔
تقریباً پانچ سال تک وہ ممبئی میں گلوکار بننے کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ یقین دہانی تو سب کراتے تھے لیکن انہیں کام کرنے کا موقع کوئی نہیں دیتا تھا۔ اس دوران سونو نگم نے بی اور سی گریڈ کی فلموں میں گانے گائے لیکن ان فلموں سے انہیں کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں ہوا۔ سونو نگم کے کیریئر کے لئے 1995 کا سال اہم سال ثابت ہوا اور انہیں چھوٹے پردے پر پروگرام ’سارےگاما‘ میں میزبان کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ اس پروگرام سے حاصل ہوئی مقبولیت کے بعد وہ کسی حد تک اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ اس دوران ان کی ملاقات ٹی سيريز کے مالک گلشن کمار سے ہوئی جنہوں نے سونو کو اپنی فلم بےوفا صنم میں گلوکار کے طور پر کام کرنے کا موقع دیا۔ اس فلم میں ان کے گائے نغمے’ اچھا صلہ دیا تو نے میرے پیار كا، بہت پسند کیا گیا۔
فلم اور نغمات کی کامیابی کے بعد وہ گلوکاری کے طور پر فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ بے وفا صنم کی کامیابی کے بعد سونو نگم کو کئی بہترین فلموں کی پیشکش ملنی شروع ہو گئیں۔جن میں سولجر ، آ اب لوٹ چلیں، سرفروش ، حسینہ مان جائے گی اور تال جیسی بڑے بجٹ کی فلمیں شامل تھیں۔ ان فلموں کی کامیابی سے انہوں نے کا فی شہرت حاصل کی اور ایک سے بڑھ کر ایک گیت گا کر سامعین کو محظوظ کیا۔ سونو نگم کو سال 1997 میں انو ملک کی موسیقی میں فلم بارڈر میں پلے بیک سنگنگ کا موقع ملا۔ اس فلم میں انہوں نے ’’سندیسے آتے ہیں‘‘ گانا گایا جو بہت مقبول ہوا۔ سال 1997 میں ہی سونو نگم کو شاہ رخ خان کی فلم ’پردیس‘ میں گانے کا موقع ملا ۔ نديم شرون کی موسیقی میں انهوں نے’يہ دل، دیوانہ‘ گيت گا کر نہ صرف اپنی کثیر جہتی فنکارہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا بلکہ نوجوانوں میں کافی پسند کئے جانے لگے۔