تروانتھاپورم: بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف کیرالہ(آئی ایف ایف کے) کے 27 ویں ایڈیشن کا جمعہ کے روز افتتاح ہوا۔ یہ افتتاحی تقریب ایران میں جاری حجاب مخالف مظاہروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا پلیٹفارم بنا، جہاں ایرانی فلمساز کی جانب سے بھیجا گیا بالوں کا گچھا افتتاحی تقریب کی توجہ کا مرکز رہا۔Inaugural day of IFFK
یہ بال ایرانی فلمساز اور حقوق نسواں کی کارکن مہناز محمدی نے اس فیسٹیول میں اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے بھیجے تھے۔ واضح رہے کہ مہناز محمدی اپنے ملک میں حکومت کی جانب سے عائد سفری پابندی کی وجہ سے انٹرنیشل فلم فیسٹیول آف کیرالہ کا 'اسپرٹ آف سنیما' ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے اس فیسٹیول میں شرکت کرنے نہیں پہنچ سکیں۔ محمدی کی غیر موجودگی میں یونانی فلم ساز اور جیوری کی رکن ایتھینا ریچل سنگاری نے ان کی جانب سے یہ ایوارڈ حاصل کیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد سنگاری نے بالوں کے گچھوں کو ہاتھوں میں اٹھاتے ہوئے محمدی کی جانب سے بھیجا گیا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
ہدایتکار نے اپنے پیغام میں کہا کہ ' یہ میرے کٹے ہوئے بال ہیں جو میری تکلیف کو ظاہر کرتے ہیں۔ یہ میری تکلیف کے ختم ہونے کی علامت ہے۔ گزشتہ روز ایرانی حکومت نے 23 سالہ محسن شیکاری کو حجاب مخالف مظاہروں کا حصہ بننے پر پھانسی دے دی تھی۔ میں یہ آپ کو اس لیے بھیج رہی ہوں کیونکہ اس مرحلے پر ہم سب کو آپ کی یکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنا قدرتی حق دوبارہ حاصل کرسکیں'۔ پیغام کے آخر میں انہون نے زن، زندگی، آزادی کا نعرہ لگایا'۔اس پیغام کو سننے کے بعد وہاں موجود تمام ناظرین نے کھڑے ہوکر داد دی۔ بعد میں ان بالوں کو فیسٹیول کے ڈائریکٹر رنجیت کے حوالے کردیا گیا۔