لندن (برطانیہ):بچوں سے لے کر بوڑھوں تک پسند آنے والی فلم ہیری پوٹر میں جادوگر استاد ہیگرڈ کا معروف کردار ادا کرنے والے اسکاٹش اداکار رابی کولٹرین 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اداکار گزشتہ کچھ دنوں سے بہت بیمار تھے اور وہ نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ 'ہیری پوٹر' کے علاوہ وہ آئی ٹی وی کے جاسوسی ڈرامے 'کریکر' اور جیمز بانڈ کی فلموں 'گولڈن آئی' اور 'دی ورلڈ از ناٹ اینف' میں بھی نظر آ چکے ہیں۔ Harry Potter Stars Pay Tribute to Hagrid
روبی کی ایجنٹ بیلنڈا رائٹ نے ایک بیان میں اداکار کی موت کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ اداکار کا انتقال اسکاٹ لینڈ میں فالکرک کے قریب ایک اسپتال میں ہوا۔ انہوں نے رابی کولٹرن کو عظیم فنکار قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیگرڈ کے طور پر ان کے کردار کو بچے اور بڑے دونوں احترام کے ساتھ یاد کریں گے'۔وہ 72 سال کے تھے۔ کولٹرین 2001 میں آئی ہیری پوٹر کی پہلی سیریز ' پارس پتھر' سے لے کر سال 2011 میں فلم کے آخری پارٹ' موت کے تحفے2' میں جادوگر ہیگرڈ کے کردار میں نظر آئے۔ انکے کرداروں کو شائقین کی جانب سے بہت پیار ملا۔ انہوں نے جے کے رولنگ کی کتاب میں لکھے گئے کردار میں جان بھردی تھی۔
فلم میں ہیری پوٹر کا کردار ادا کرنے والے ڈینیل ریڈکلف نے کولٹرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے اس بیان میں لکھا کہ ' رابی سب سے دلچسپ لوگوں میں سے ایک تھے، جن سے مجھے ملنے کا موقع ملا، جب ہم بچے تھے تو وہ ہمیں فلم کے سیٹ پر خوب ہنسایا کرتے تھے۔ مجھے خاص طور پر ان سے جڑی وہ یاد بہت اچھی لگتی ہے جب ہم فلم 'ازکابان کے قیدی' کے دوران ہیگرڈ کے چھونپڑی میں گھنٹوں طوفانی بارش میں پھنسے ہوئے تھے۔ ان کی یادیں مجھے ہمت دیتی ہیں'۔
'وہ ہماری ہمت بڑھانے کے لیے کہانیاں اور لطیفے سنایا کرتے تھے۔ میں خود کو بہت خوش قسمت محسوس کرتا ہوں کہ مجھے ان سے ملاقات اور کام کرنے کا موقع حاصل ہوا اور مجھے بہت افسوس ہے کہ وہ چلے گئے۔ وہ ایک لاجواب اداکار اور ایک پیارے انسان تھے'۔
کولٹرین کو ہیری پوٹر فلموں میں ہیگرڈ کا کردار ادا کرنے کے طور شناخت ملی لیکن انہوں نے جیمز بانڈ کی فرنچائز میں بھی کام کیا، وہ 1995 کی 'گولڈن آئی' اور 1999 کی 'دی ورلڈ از ناٹ اینف' میں نظر آئے تھے۔