اداکارہ گوہر خان نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر امریکی پاپ گلوکار جسٹن بیبر اور ان کی اہلیہ ہیلی بیبر کے روزے سے متعلق تبصروں پر اپنا ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ 'انہیں اس بارے میں پڑھنے کی ضرورت ہے'۔ ایک آن لائن انٹرویو میں جسٹن اور ہیلی نے رمضان میں روزہ رکھنے والے لوگوں کا مذاق اڑایا۔ جسٹن نے کہا کہ روزہ 'آپ کے جسم کو غذائیت سے محروم کر دیتا ہے'۔
اداکارہ گوہر خان جو اپنے شوہر زید دربار کے ساتھ رمضان کا مقدس مہینہ منا رہی ہیں۔ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر گوہر نے جسٹن اور ہیلی کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ' یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ کتنے بیوقوف ہیں۔ ایسا نہیں لگتا کہ وہ اس کے پیچھے کی سائنس اور اس کے طبی فوائد کے بارے میں جانتے ہیں'۔ اداکارہ نے جسٹن بیبر اور ہیلی بیبر کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ 'اس کے بارے میں پڑھنے کی ضرورت ہے۔ ایک رائے دینا ٹھیک بات ہے لیکن اسے صحیح طریقے سے پیش کرنے کے لیے کافی ذہانت کی ضرورت ہوتی ہے'۔
اداکارہ نے یہ تبصرہ جسٹن اور ہیلی کی انٹرنیٹ پر گردش ہونے والی ایک ویڈیو پر اس وقت دیا جس میں یہ جوڑا روزے کے بارے میں بات کرتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ اس انٹرویو میں جسٹن کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ 'مجھے واقعی اس کے بارے میں سوچنا پڑے گا، میں نے واقعی یہ کبھی نہیں کیا۔ میرے خیال میں ہمارے جسم کو صحیح طریقے سے سوچنے کے لیے غذائیت کی ضرورت ہے'۔
جسٹن کے اس تبصرے کے بعد ہیلی نے کہا کہ پورا دن کھانا کھائے بغیر رہنا مجھے یہ بات سمجھ نہیں آتی۔ ہیلی بیبر نے کہا کہ ' اگر آپ کو فاسٹنگ کرنی ہے تو کیوں نہ ٹی وی اور موبائل فون نہ دیکھنے کی فاسٹنگ کی جائے۔ مجھے لگتا ہے کہ میں اس پر زیادہ یقین کرتی ہوں لیکن کھانے کو لے کر روزہ رکھنا۔ یہ سچ میں مجھے سمجھ نہیں آتا۔ یا آپ میٹھا یا چینی نہ کھانے کا روزہ رکھو'۔
واضح رہے کہ گوہر خان اس وقت حاملہ ہیں اور وہ اپنے شوہر زید دربار کے ساتھ رمضان کے متعلق کئی پوسٹ اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔ یہ جوڑا جلد ہی والدین بننے والا ہے۔