نئی دہلی: فلمساز وویک اگنی ہوتری نے بھیما کوریگاؤں تشدد کیس میں دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج اور اڑیسہ ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس ایس مرلی دھر کے فیصلے کے خلاف تبصرہ کرنے معاملے میں دہلی ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ جسٹس سدھارتھ مردول اور جسٹس تلونت سنگھ کی بینچ نے اگنی ہوتری کو اگلی سماعت پر عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی۔Vivek Agnihotri Apologizes to Delhi HC
جسٹس سدھارتھ مردول اور تلونت سنگھ کی بنچ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگنی ہوتری سماعت کے لیے ذاتی طور پر موجود ہوں۔ عدالت نے اگنی ہوتری کے وکیل کی گزارش سننے کے بعد، جس میں کہا گیا کہ فلم ہدایتکار 16 مارچ 2023 کو معافی مانگنے کے لیے کورٹ میں موجود رہیں گے، سماعت ملتوی کردی۔ وہیں عدالت نے یہ بھی مشاہدہ کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم ان سے کورٹ میں حاضر رہنے کے لیے اس لیے کہہ رہے ہیں کیونکہ انہوں نے عدالت کی توہین کی ہے۔ کیا انہیں ذاتی طور پر اپنی غلطی ماننے میں کوئی مشکل ہے؟ پچھتاوا ہمیشہ حلف نامہ کے ذریعے ظاہر نہیں کیا جا سکتا'۔
واضح رہے کہ بھیما کوریگاؤں تشدد کیس میں جج کی جانب سے کارکن گوتم نولکھا کو راحت دینے کے بعد اگنی ہوتری نے جسٹس ایس مرلی دھر کے خلاف تعصب کا الزام لگاتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا۔ جس کے بعد اگنی ہوتری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی گئی۔ ستمبر 2022 میں عدالت نے اگنی ہوتری سمیت دیگر مخالفین آنند رنگناتھن اور ایک نیوز پورٹل کے خلاف یک طرفہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد اگنی ہوتری نے حلف نامہ داخل کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگی۔