حیدرآباد: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کے روز ہندی اور تیلگو فلم لائیگر کی سرمایہ کاری کے حوالے سے پوچھ گچھ کرنے کے لیے فلم کے ہدایتکار پوری جگناتھ اور چارمی کور کو طلب کیا تھا۔ ای ڈی حکام نے فلم ہدایتکار پوری جگناتھ اور اداکارہ سے پروڈیوسر بننے والی چارمی کور سے فارن ایکسچینج کے ذریعہ لائیگر کی غیرقانونی سرمایہ کاری پر دن بھر پوچھ گچھ کی۔ ان سے اگست میں ریلیز ہونے والی وجے دیوراکونڈا کی فلم لائیگر میں کی گئی سرمایہ کاری کے ذرائع کے بارے میں پوچھا گیا۔ ED Questions Liger Makers
امریکی باکسر مائیک ٹائسن نے بھی تقریباً 125 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار ہونے والی اس فلم میں ایک کیمیو کا کردار ادا کیا تھا۔ وجے دیوراکونڈا اور اننیا پانڈے کی مرکزی کردار والی اس فلم کی لاس ویگاس میں میگا شوٹنگ ہوئی۔ تاہم فلم باکس آفس پر ناکام رہی تھی۔
لائیگر کی ٹیم کے خلاف ای ڈی کی تحقیقات اس وقت شروع ہوئی جب ایک کانگریس لیڈر بکا جڈسن نے اگست میں ای ڈی کے پاس شکایت درج کرائی کہ کئی سیاست دانوں نے لائیگر میں اپنا غیر قانونی پیسہ لگایا ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ بہت سے لوگوں نے فلم میں پیسہ روٹ کرنے اور اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے سرمایہ کاری کی۔ پوری جگناتھ اور چارمی کور جمعرات کو 12 گھنٹے سے زیادہ وقت تک ای ڈی کے دفتر میں رہے۔ انہیں 15 روز قبل ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
بکا جڈسن نے شکایت کی تھی کہ سیاست دانوں نے بھی اس فلم میں اپنا پیسہ لگایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرمایہ کاروں نے اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہی پایا ہے۔ ای ڈی کے حکام نے ہدایت کار اور پروڈیوسر سے ان الزامات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ(فیما) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیرونی ممالک سے آئے کروڑوں روپے کو فلم بنانے میں لگایا ہے۔