دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ Economic Offences Wing نے جمعہ کو اداکار نورا فتحی سے سکیش چندر شیکھر کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی۔ پولیس نے نورا سے تقریبا 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔Nora Fatehi in 200 Crore Extrortion Case
دہلی کے مندر مارگ میں واقع اقتصادی جرائم ونگ کے دفتر میں اداکارہ سے سکیش چندر شیکھر کے خلاف دائر 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ معاملے میں تقریباً سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ سکیش پر فورٹس ہیلتھ کیئر کے سابق پروموٹر شویندر سنگھ کی اہلیہ کے ساتھ 200 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔
پولیس نے نورا فتحی کو گزشتہ ہفتے سمن جاری کیا تھا اور وہ جمعہ کی صبح اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوئیں۔ ایک افسر نے بتایا کہ 'وہ صبح تقریباً 11 بجے آئی اور 6 بجے کے قریب دفتر سے نکل گئی۔ انہوں نے اپنا بیان درج کرایا۔ پولیس نے ان سے سکیش کی طرف سے پیش کیے گئے تحائف کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی'۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دہلی پولیس نے سکیش، اس کی بیوی لینا ماریا پال اور 12 دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ جس میں الزام لگایا گیا کہ وہ روہنی جیل میں زیر سماعت تھے اور انہوں نے شویندر سنگھ کی بیوی سے ایک سال کے عرصے کے دوران 200 کروڑ روپے ٹھگ لیے۔ پولیس نے اس کے خلاف مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (MCOCA) بھی لگایا تھا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ 'تفتیشی افسر نے ایک ضمنی چارج شیٹ تیار کرنا شروع کر دیا ہے اور سکیش کے ساتھ شامل تمام افراد کے بیانات درج کرنا شروع کر دیے ہیں'۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی نورا فتحی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے طلب کیا تھا اور انہوں نے سکیش اور اس کی بیوی لینا کے خلاف درج مقدمے کے سلسلے میں منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت اداکارہ کا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔
آپ کو بتادیں کہ گزشتہ ہفتے دہلی پولیس نے بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو بھی طلب کیا تھا اور ان سے 12 ستمبر کو تفتیش میں شامل ہونے کو کہا تھا۔17 اگست کو ای ڈی نے ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کی اور بتایا کہ سکیش نے جیکلین کو بھی 5.71 کروڑ روپے کے تحائف دیے تھے لیکن اداکارہ نے اس دوران یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ وہ خود سکیش کی ٹھگی کا شکار رہی ہیں۔