ممبئی: بالی ووڈ اسٹوڈیو یش راج فلمز نے منگل کو اعلان کیا کہ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی مشہور فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے ایک بار پھر ان کی 57 ویں سالگرہ پر ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔DDLJ Re Release on Big Screen
پروڈکشن ہاؤس نے انسٹاگرام پر یہ خبر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ رومانوی ڈرامہ فلم کو بدھ سے پی وی آر، آئنوکس اور سائنپولیس ٹھیٹرز میں دکھایا جائے گا۔ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ' ڈی ڈی ایل جے 'پلٹ کر' بڑی اسکرین پر واپس آرہا ہے۔ 2 نومبر 2022 کو ہندوستان بھر کے سینما گھروں میں راج اور سمرن کے افسانوی سفر کا تجربہ کریں'
مداحوں کی جانب سے فلم کو پیار سے ڈی ڈی ایل جے کہا جاتا ہے۔ سال 1995 میں آئی یہ فلم مشہور فلمساز یش چوپڑا کے بیٹے آدتیہ چوپڑا کی ہدایتکاری میں بننے والی پہلی فلم ہے۔ فلم میں نظر آنے والی شاہ رخ خان اور کاجول کی رومانوی جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا۔ فلم میں امریش پوری، فریدہ جلال، انوپم کھیر، ستیش شاہ اور ہمانی شیو پوری نے شاندار پرفارمنس دیا ۔