حیدرآباد: فلمساز ایس ایس راجامولی کی فلم آر آر آر دنیا بھر سے پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔ رواں سال گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے والی شاندار فلم 'آر آر آر' نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ ایس ایس راجامولی کی بلاک بسٹر تیلگو فلم آر آر آر نے 28ویں کریٹکس چوائس ایوارڈز میں دوہری جیت درج کی ہے۔ فلم نے رام چرن اور جونیئر این ٹی آر پر فلمایا گیا نغمہ ناٹو ناٹو کے لیے بہترین نغمہ اور بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کا کریٹکس چوائس ایوارڈ جیتا تھا۔
کریٹکس چوائس ایوارڈ کے بہترین غیر ملکی زبان کی فلم(بیسٹ فورین لینگوج فلم) کے زمرے میں آر آر آر نے جیت حاصل کی ہے۔ وہیں فلم کے نغمہ ناٹو ناٹو نے گولڈن گلوب ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے بعد بہترین نغمہ کا کریٹکس چوائس ایوارڈ جیتا ہے۔ یہ ایوارڈ جیتنے کے بعد آر آر آر کے ٹویٹر ہینڈل نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ' ناٹو ناٹو نے ایک بار پھر۔۔یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی ہورہی کہ ہم نے بہترین گانے کا کریٹکس چوائس ایوارڈ جیتا ہے'۔28ویں کریٹکس چوائس ایوارڈز کی جانب سے بھی کیے گئے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ' آر آر آر کی کاسٹ اور عملے کو مبارک ہو۔ فلم نے بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کا کریٹکس ایوارڈ جیتا ہے۔ اس زمرے میں آر آر آر کا مقابلہ آل کوائیٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ، آرجنٹینا 1985، بارڈو، فالس کرونیکلس آف اے ہینڈفلم آف تروتھس، کلوز اور ڈیزیشن ٹو لیو سے تھا۔