تونیشا شرما موت معاملے میں ایک نئی پیشرفت ہوئی ہے۔ بدھ کے روز عدالت نے ملزم شیزان خان کو دو دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔ وسائی عدالت نے شیزان کے پولیس حراست میں دو دن کی توسیع کا حکم دیا ہے۔ اداکار اب جمعہ یعنی 30 دسمبر تک پولیس تحویل میں رہیں گے۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے روز ٹی وی شو علی بابا داستان کال کے سیٹ پر تونیشا شرما کو مردہ حالت میں پائے جانے کے بعد اتوار کے روز مہاراشٹر کے وسائی کی ایک عدالت نے شیزان کو چار دن کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا تھا۔ Tunisha Sharma death case
تونیشا کی موت کے ایک دن بعد ان کے سابق بوائے فرینڈ اور شو کے ساتھی اداکار شیزان کو خودکشی کے لیے اکسانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق تونیشا کی موت سے 15 دن قبل شیزان نے ان سے بریک اپ کرلیا تھا۔
وہیں منگل کے روز تونیشا کے مداحوں، رشتہ داروں اور ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ممبئی کے میرا روڈ میں واقع شمشان گھاٹ میں 20 سالہ اداکارہ کو نم آنسوؤں کے ساتھ الوداع کہا۔ وشال جیٹھوا، اشنور کور، اونیت کور، اور شیوین نارنگ سمیت مشہور شخصیات نے تونیشا کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
والیو پولیس نے بدھ کو شیزان کے واٹس ایپ چیٹس اور ریکارڈنگز کو بازیافت کیا۔ پولیس نے کہا کہ انہیں دونوں کے درمیان ہوئی ٹیکسٹ چیٹس میں کوئی قابل اعتراض چیز نہیں ملی ہے ۔ دونوں کے درمیان کھانے اور صحت کے حوالے سے باقاعدہ بات چیت ہوتی تھی۔