حیدرآباد (تلنگانہ): آسکرز میں آئندہ برس بھارت کی نمائندگی کرنے والی گجراتی فلم چھیلو شو( دی لاسٹ شو) میں کلیدی کردار ادا کرنے والے چھ بچوں میں سے ایک راہل کولی کا آج کینسر کی وجہ سے انتقال ہوگیا ہے۔ راہل کی عمر 15 سال تھی۔Chello Show Child Actor Dies
راہل ان چھ بچوں کے اداکاروں میں سے ایک تھے جو اس فلم کا حصہ ہیں۔ یہ فلم 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے زمرے کے لیے بھارت کی باضابطہ انٹری ہے۔ رپورٹس کے مطابق آنجہانی چائلڈ آرٹسٹ کو بار بار بخار اور خون کی الٹیاں آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے والد نے بتایا کہ انہوں نے 14 اکتوبر 2022 کو تھیٹر میں فلم دیکھنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن فلم کے بڑے پردے پر آنے سے پہلے ہی ان کا انتقال ہوگیا۔
اس کے والد رامو کولی نے ایک ویب سائٹ کو بتایا ہے کہ ' دو اکتوبر کو راہل نے ناشتہ کیا اور اس کے کچھ دیر بعد اسے بخار آیا۔ راہل نے تین بار خون کی الٹیاں کیں اور اس کے بعد میرے بچے کی موت ہوگئی۔ ہمارا خاندان تباہ ہوگیا'۔