ممبئی: کانز فلم فیسٹیول اس سال اپنا 75 واں ایڈیشن منا رہا ہے اور پہلی بار بھارت کو 'کنٹری آف آنر' کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس لیے اس فیسٹیول میں بھارت کے مشہور ہدایتکار ستیہ جیت رے کی مشہور فلم 'پرتیدوندی' (1970) کو دکھایا جائے گا۔' اس سال کانز کلاسیک سیکشن میں 'پرتیدوندی' کو خصوصی اسکریننگ کے لیے باضابطہ طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ سنیل گنگوپادھیائے کے اسی نام پر لکھی گئی ایک ناول پر مبنی اس فلم میں ایک پڑھے لکھے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے سدھارتھ نامی ایک نوجوان کی کہانی کو بیان کیا گیا ہے، جسے ملازمت حاصل کرنے کے لیے کافی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ Satyajit Ray's Film Pratidwandi Screening at Cannes
اس فلم میں مخصوص تکنیکوں جیسے فوٹو نیگیٹو فلیش بیکس کا استعمال کیا گیا ہے، جس وجہ سے اس فلم کو بین الاقوامی سطح پر خوب سراہا بھی گیا ہے۔ اس فلم کو سال 1971 میں بہترین ہدایتکاری سمیت تین قومی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔ فلم نے سال 1971 میں شکاگو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں گولڈ ہیوگو ایوارڈ کے لیے نامزدگی بھی حاصل کی۔ پچھلے سال رے کی پیدائش کی صد سالہ تقریب کے موقع پر این ایف ڈی سی ۔ این ایف اے آئی نے فلموں کو ڈیجیٹل طور پر بحال کرنے کے لیے ایک پروجیکٹ شروع کیا تھا اور پرتیدونڈی اس مقصد کے لیے منتخب ہونے والی پہلی فلم تھی۔