پیرس: مشہور گلوکارہ اور اداکارہ جین برکن پیرس میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئیں۔ وہ 76 برس کی تھیں۔ فرانس کے بی ایف ایم ٹی وی نیوز چینل نے پیر کو اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ نیوز چینل نے اطلاع دی ہے کہ اداکارہ برکن کو ان کی دیکھ بھال کرنے والے نے اتوار کو ان کی رہائش گاہ پرمردہ پایا تھا۔ برکن 14 دسمبر 1946 کو لندن میں پیدا ہوئی تھیں۔ برکن نے فرانسیسی گلوکار اور نغمہ نگار سرج گینسبرگ کے ساتھ اپنی دہائیوں پر محیط موسیقی اور رومانوی شراکت داری کے لیے بین الاقوامی شہرت حاصل کی۔ انہوں نے برطانوی اور فرانسیسی فلمی صنعتوں میں بطور اداکارہ کامیابیاں بھی حاصل کیں۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں اور کئی دیگر فرانسیسی سیاست دانوں نے برکن کی موت پر سوگ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انہیں 'آئیکن' کہا اور ان کی تخلیقی میراث کے لیے شکریہ ادا کیا۔ میخواں نے ٹویٹ کیا، ’’انہوں نے ہماری زبان کے سب سے خوبصورت الفاظ کوگاتے ہوئے آزادی کی پہچان کی۔ جین برکن ایک فرانسیسی آئیکن تھیں۔ انہوں نے ہمیں ایسی دھنیں اور تصویریں دیں جو ہمیں کبھی انہیں بھولنے نہیں دیں گی۔ انہوں نے برکن کو "نرم آواز والی مثالی اداکارہ" قرار دیا۔ فرانسیسی وزیر اعظم ایلزبتھ بورن نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر گلوکارہ کو "ایک منفرد آواز اور دلکشی کے ساتھ ایک ناقابل فراموش آئکن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعہ پیداکردہ جذبات ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اپنے کیریئر میں جین برکن نے 80 سے زائد فلموں میں اداکاری کی اور 20 میوزک البمز ریلیز کیے۔