ممبئی (مہاراشٹر): برہمسترا پارٹ ون، شیوا نے اپنی ریلیز کے پہلے ہفتے دنیا بھر کی باکس آفس میں 300 کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔ یہ بات ہم نہیں بلکہ جمعہ کے روز فلم کے میکرز نے یہ دعوی کیا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین میکرز کے اس دعوی پر اعتماد نہیں ہے۔ آیان مکھرجی کی ہدایتکاری میں بننے والی بڑے بجٹ کی یہ ایڈونچر فلم 9 ستمبر کو ریلیز ہوئی تھی۔ رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، اور امیتابھ بچن کی اداکاری والی برہمسترا نے ریلیز کے پہلے دن عالمی باکس آفس پر 75 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔ Brahmastra Box Office Collection
ایک میڈیا بیان میں اسٹار اسٹوڈیوز اور دھرما پروڈکشن نے فلم کے باکس آفس کمائی کے بارے میں ایک اپ ڈیٹ شیئر کی ہے۔ فلم میکرز نے اپنے بیان میں کہا کہ 'برہمسترا پارٹ ون: شیوا' فلم انڈسٹری، تھیٹر مالکان اور شائقین کے لیے خوشیاں لے کر آئی ہے۔ فلم نے دنیا بھر میں 300 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے'۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 'پورے ملک اور دنیا بھر میں فلم کے شوز ہاؤس فل جارہے ہیں، یہ فلم ہندی فلم انڈسٹری کے لیے راحت بن کر آئی ہے، جس کی بہت ضرورت تھی'۔
اگر سوشل میڈیا پر برہمسترا کو مل رہے ردعمل پر غور کریں تو کئی سوشل میڈیا صارفین نے برہمسترا کے میکرز پر فلمی شائقین کو غلط اعداد و شمار شیئر کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ میکرز جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ لوگ ان کی فلم دیکھنے جارہے ہیں جب کہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ یہاں تک کہ کنگنا رناوت اور وویک رنجن اگنی ہوتری جیسی مشہور شخصیات نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر برہمسترا پر رپورٹس شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلم سے پی وی آر اور آئنکوس کو 800 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔