حیدرآباد (تلنگانہ): فلمساز ایان مکھرجی کی ہدایتکاری والی فلم برہمسترا 9 ستمبر کو بڑے پردے پر ریلیز ہوچکی ہے۔ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی اداکاری سے سجی فلم نے باکس آفس پر زبردست آغاز کیا ہے۔ چھٹی والا دن نہیں ہونے کے باوجود برہمسترا نے تقریباً 35 سے 36 کروڑ کی کمائی کرتے ہوئے آر آر آر کے پہلے دن کی کمائی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ Brahmastra box office collection Day 1
برہمسترا کو فلمی ناقدین کی جانب سے زیادہ پذیرائی نہیں ملی لیکن فلم کے حوالے سے لوگوں میں پائے گئے تجسس نے یقیناً ریلیز کے پہلے دن باکس آفس پر کمال کردیا ہے۔ فلم کو دنیا بھر کے 8 ہزار 913 اسکرین پر ریلیز کیا گیا ہے۔ اسے بھارت میں 5 ہزار 19 اور بیرون ممالک کے 3 ہزار 894 اسکرینوں پر ریلیز کیا گیا ہے۔ فلم نے پہلے دن 36.50 سے 38.50 کروڑ کی کمائی کی ہے۔
تجارتی ویب سائٹ BoxOfficeIndia.com نے برہمسترا کے پہلے دن کی کمائی کا اعداد و شمار شیئر کیا ہے۔ جس کے مطابق فلم نے افتتاحی دن تقریباً 35-36 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ فلم نے رنبیر کی اب تک کی سب سے زیادہ اوپننگ کرنے والی فلم سنجو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جس نے پہلے دن 34.75 کروڑ کی کمائی کی تھی۔