ممبئی: ایشوریہ رائے کا بالی ووڈ کی ان خاص اداکاروں میں شمار ہوتا ہے، جنہوں نے فلموں میں ہیروئن کو محض شو پیس کے طور پر استعمال کیے جانے کے روایتی سوچ کو نہ صرف بدلا بلکہ بالی ووڈکو بین الاقوامی سطح پر بھی ایک خصوصی پہنچان دلائی۔ ایشوریہ رائے کی پیدائش یکم نومبر 1973 کو منگلور میں ہوئی۔ کچھ عرصے بعد ان کا خاندان ممبئی آگیا۔ بچپن میں ان کا رجحان آرکیٹیکٹ بننے کی جانب تھا لیکن بعد میں ان کا رجحان ماڈلنگ کی جانب ہوگیا۔ سال 1994 میں ایشوریہ رائے نے مس انڈیا مقابلہ میں حصہ لیا جہاں انہیں مس انڈیا کے خطاب سے نوازا گیا۔ مس ورلڈ مقابلہ میں بھارت کا پرچم پوری دنیا میں لہراتے ہوئے ریتا فاریہ کے بعد مس ورلڈ کا خطاب جیتنے والی دوسری بھارتی حسینہ بنیں۔ اس مقابلہ میں انہوں نے فوٹوجینک کے خطاب سے بھی نوازا گیا۔ مقابلہ جیتنے کے بعد ایشوریہ رائے نے سماجی فلاحی کاموں میں حصہ لیا اور اس دوران انہیں کئی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
سال 1997 میں ایشوریہ رائے نے اپنے فلمی کیرئر کی شروعات تمل فلم ایروار سے کی۔ اسی برس انہوں نے بالی ووڈ میں بھی قدم رکھا اور بابی دیول کے ساتھ اور پیار ہوگیا میں کام کیا۔ بدقسمتی سے یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔ اسکے بعد 1998 میں ایشوریہ رائے نے ایس شنکر کی تمل فلم جینس میں کام کیا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ایشوریہ رائے فلم انڈسٹری میں کچھ حد تک اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔
سال 1999 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ہم دے چکے صنم ایشوریہ کے سنی کریئر کی اہم فلم ثابت ہوئی۔ سلمان خان اور اجے دیوگن جیسے منجھے ہوئے ستاروں کی موجودگی میں ایشوریہ نے فلم میں نندنی کے کردار کو انتہائی بہترین انداز میں ادا کیا۔ اس فلم کے لئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اسی سال ایشوریہ کو سبھاش گھئی کی فلم تال میں کام کرنے کا موقع ملا۔ فلم میں ایشوریہ نے ایک گاؤں کی لڑکی کاکردار اداکیا جو پاپ سنگر بننے کا خواب دیکھا کرتی ہے۔ اس فلم نے خاص کر امریکہ میں ٹاپ ٹوئنٹی فلموں میں اپنانام درج کرایا۔ فلم میں اپنے شاندار کردار کے لئے وہ بہترین اداکارہ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی گئیں۔