حیدرآباد:ٹیلی ویژن اداکارہ فلق ناز جو اس وقت سلمان خان کے شو بگ باس او ٹی ٹی 2 کی کنٹیسٹنٹ ہیں، انہیں حال ہی میں شو میں جذباتی ہوتے ہوئے دیکھا گیا جب انہوں نے اپنی زندگی کے اس مشکل وقت کو یاد کیا جب ان کے بھائی شیزان خان کو تونیشا شرما خودکشی معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں اداکار علی بابا: داستان کابل میں ایک ساتھ اداکاری کیا کرتے تھے۔ افواہیں تھی کہ شیزان اور تونیشا ایک رشتے میں تھے لیکن تونیشا کی موت سے پہلے دونوں نے اپنے راستے علیحدہ کرلیے تھے۔Bigg Boss OTT 2
بگ باس او ٹی ٹی 2 کے حالیہ ایپی سوڈ میں فلق جیل میں اپنے بھائی شیزان سے ملاقات کرنے کے وقت کو یاد کرتے ہوئے رو پڑی۔ فلق نے شو میں اپنی ساتھی کنٹیسٹنٹ پوجا بھٹ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تونیشا کی موت کے بعد کسی سے بھی تعلق قائم کرنے سے گریز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ' میں اپنی فیملی کے لیے کھڑے ہونے کا کریڈٹ کیسے لے سکتی ہوں؟ اگر میں نہیں کھڑی ہوتی تو کون کھڑا ہوتا؟ میری ماں کے لیے کون کھڑا ہوتا؟ صرف میں ہی انہیں بچا سکتی ہوں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں اپنے خاندان کے نہیں ہوئے تو آپ کسی اور کے ساتھ کبھی وفادار نہیں ہوسکتے۔ اس وقت ہم نے جس جدوجہد کا سامنا کیا اسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ جب شیزان کو قید کیا گیا تھا، میرا چھوٹا بھائی شبی مسلسل اس کے بارے میں سوچتا تھا، اور ہم اسے یہ بتانے سے قاصر تھے کہ کب اس کے بھائی کو گھر جانے کی اجازت ملے گی۔ ہم اسے جیل میں شیزان سے ملنے لے گئے لیکن اس کے ساتھ نہیں جاسکی کیونکہ مجھ میں شیزان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی۔ وہ دونوں کھڑکیوں کے سامنے کھڑے تھے اور شبی مسلسل روتے ہوئے پوچھ رہا تھا کہ وہ کب گھر واپس آئے گا'۔