بنگلورو: عوامی مقات پر اونچی آواز میں ویب سیریز یا فلمیں دیکھنا آپ کو پریشانی میں ڈال سکتا ہے اور اس کا تجربہ مغربی بنگال کے ایک نوجوان کو کرنا پڑا ہے، جسے عوامی مقات پر ویب سیریز کے ڈائیلاگ کو زور زور سے بولنے کو ملک دشمن نعرہ سمجھا گیا اور پولیس نے نوجوان کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا ۔ تاہم بعد میں پولیس کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور نوجوان کو چھوڑ دیا۔ Youth Booked for Saying Farzi Dialogue
یہ واقعہ کرناٹک کے شہر بنگلورو کے مائیکو لے آؤٹ پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے بی ٹی ایم لے آؤٹ میں پیش آیا، جب مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے نوجوان پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کا جھوٹا الزام لگایا گیا۔ یہ واقعہ 29 مارچ کی صبح اس وقت پیش آیا جب نوجوان بی ٹی ایم لے آؤٹ پر ہیڈفون پہنے حال ہی میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ اداکار شاہد کپور اور تمل اداکار وجے سیتھوپتی کی ہندی زبان کی ویب سیریز فرضی کو اپنے موبائل فون پر دیکھ رہا تھا۔
اس وقت نوجوان کے منہ سے کچھ مکالمے نکلے جنہیں 'پرو پاکستانی نعرہ' سمجھ لیا گیا۔ یہ سن کر مقامی لوگوں نے فوراً پولیس کو فون کیا اور اطلاع دی کہ کوئی پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہا ہے۔ مائیکو لے آؤٹ پولیس کی ایک ٹیم بغیر کسی تاخیر کے موقع پر پہنچی اور فوری طور پر ملزم نوجوان کو اپنی تحویل میں لے کر پوچھ گچھ کی۔ انکوائری کے بعد ہی پوری کہانی کی حقیقت کا پتہ چل سکا۔