ممبئی: مرحوم اداکار عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے منگل کو کہا کہ ابتدا میں اپنے فلمی کیرئیر کو شروع کرنے اور اپنے والد کے نام کے مطابق زندگی گزارنے کا خیال انہیں خوفزہ کر رہا تھا لیکن اب انہوں نے اپنے خوف کو اچھے استعمال میں لانا سیکھ لیا ہے۔ اپنی پہلی فلم 'کلا' کے ٹریلر لانچ تقریب میں اداکار نے کہا کہ 'وہ ہر طرح کی فلموں اور کرداروں میں اپنا ہاتھ آزمانا چاہتے ہیں'۔Babil opens up on Irrfan Khan's Legacy
بابل نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ' ہمیں یہ وہم ہوتا ہے کہ ہم اپنی زندگی کے سفر پر قابو رکھتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔ زندگی مجھے جو پیش کرے گی میں اسے بہتر بناؤں گا۔ میں ہر چیز کو دیکھنا سمجھنا چاہتا ہوں۔ میں ہر طرح کی فلمیں کرنا چاہتا ہوں اور ہر طرح کا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں'۔ اداکار نے اعتراف کیا کہ ان پر ایک خاص دباؤ ہے لیکن انہوں نے اپنی تمام تر توانائیاں اپنی بہترین پرفارمنس دینے پر مرکوز کی ہوئی ہیں'۔ بابل نے مزید کہا کہ ' بہت دباؤ ہے۔ دو سال پہلے جب ہم شوٹنگ کر رہے تھے اس وقت بھی یہ دباؤ تھا اور یہ مجھ پر اثر انداز ہورہا تھا۔ یہ مجھے ڈراتا تھا لیکن اب یہ مجھے بہتر کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ میری نظر میں دباؤ کی تعریف بدل گئی ہے'۔