ممبئی: سلمان خان کے بھائی فلم پروڈیوسر اور اداکار ارباز خان نے گزشتہ اتوار 24 دسمبر کو بہن ارپیتا خان کے گھر اپنی گرل فرینڈ شوریٰ خان سے دوسری شادی کی۔ جوڑے نے کرسمس کے موقع پر اپنی نجی شادی کی پہلی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ اسی دوران گزشتہ پیر کی نصف شب میں نکاح کی تقریب کی تصاویر بھی پوسٹ کی گئیں۔ ان تصاویر میں پورا خان خاندان ایک ساتھ نظر آیا۔
ارباز نے 25 دسمبر کو رات گئے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر شوریٰ خان کے ساتھ نکاح کی تقریب کی تصاویر اپ لوڈ کیں اور کیپشن میں لکھا کہ 'یہ آپ ہیں، یہ میں ہوں اور یہ ہم سب ہیں۔'' پہلی تصویر میں ارباز اور شوریٰ خان کو اہل خانہ کی موجودگی میں نکاح کی رسومات مکمل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر میں والد سلیم خان، والدہ سلمیٰ خان اور بڑے بھائی سلمان خان کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ دوسری تصویر میں شادی شدہ جوڑے کو مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تیسری تصویر میں پورے خان خاندان کی تصویر ہے، جس میں تین نسلوں کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تصویر میں سلیم خان، ان کے تین بیٹے، بیٹیاں اور پوتے ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔