انوراگ کشیپ ان دنوں اپنی حالیہ ریلیز فلم 'آلموسٹ پیار ود ڈی جے محبت' کی تشہیر کے سلسلے میں کئی انٹرویوز دے رہ ہیں۔ حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں پروڈیوسر اور فلمساز انوراگ کشیپ نے گووندا کی تعریف کی اور مشہور اداکار اور اسکرین رائٹر قادر خان پر کہا کہ 'انہیں ان کا حق نہیں ملا'۔ مشہور یوٹیوبر سمدیش بھاٹیہ کے ساتھ انٹرویو میں کشیپ نے کہا کہ 'گووندا کی اداکاری والی میری پسندیدہ فلم دولہے راجہ ہے'۔ اس کے بعد انہوں نے قادر خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ' وہ ایک باصلاحیت انسان تھے۔ مجھے نہیں معلوم کہ انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیوں نہیں ملا۔ انہیں انڈسٹری سے ان کا حق نہیں ملا، بہت سے لوگوں کو ان کا حق نہیں دیا گیا اور وہ ان میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے قادر خان کے بارے میں مزید کہا کہ انڈسٹری ان کو بھول گئی ہے۔ انہوں نے بہت کچھ لکھا ہے۔ آپ ان کا آئی ایم ڈی بی پیج کھولیے اور دیکھیے کہ انہوں نے کتنا کام کیا ہے'۔ کشیپ نے خان کی اداکاری کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'اور انہوں نے کیا پرفارمنس دی ہے! ان کی اداکاری کی رینج بہت زیادہ تھی، یہ گووندا کے برابر تھی۔ یہاں صرف اداکاروں اور چند فلم سازوں کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔