گزشتہ ہفتہ ٹیزر کی ریلیز کے بعد اب ہدایتکار انوبھو سنہا نے اپنی آئندہ فلم بھیڑ کا پہلا مکمل ٹریلر جاری کردیا ہے۔ فلم 2020 میں پہلے لاک ڈاؤن کے بعد ہونے والے واقعات پر مبنی ہے۔ ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح اس لاک ڈاؤن نے معاشرے کے مختلف طبقوں کو متاثر کیا ہے۔ فلم کا پورا ٹریلر بلیک اینڈ وائٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ بھیڑ کے اس ٹریلر میں تبلیغی جماعت اور مسلمانوں کے ساتھ کیے گئے امتیازی سلوک پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ Bheed trailer
بھیڑ کے ٹریلر میں وبائی مرض کورونا وائرس کے دوران بڑی تعداد میں شہروں سے مہاجر مزدوروں کی ہوئی نقل مکانی کا موازنہ 1947 کی تقسیم ہند سے کیا گیا ہے۔ فلم کے ٹریلر کی شروعات وزیراعظم نریندر مودی کے قوم سے خطاب کے ساتھ ہوتی ہے، جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ 'ملک میں چند گھنٹوں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا جائے گا۔ حکومت کے اس فیصلے نے لاکھوں مہاجر مزدوروں کو نہ صرف بے روزگار کردیا تھا بلکہ مزدوروں کی ایک بڑی تعداد شہروں میں پھنس گئی تھی۔ جہاں کانٹریکٹ پر کام کر رہے مزدور شہروں میں بھوکے رہنے پر مجبور تھے وہیں بے گھر مزدور پیدل ہی بھوکے پیاسے اپنے آبائی ریاستوں کا ایک طویل سفر طئے کر رہے تھے۔
فلم میں راج کمار راؤ پولیس اہلکار کے کردار میں نظر آرہے ہیں اور ٹریلر کے شروعات میں وہ ایک ڈائیلاگ بولتے نظر آرہے ہیں کہ ' انصاف ہمیشہ طاقتور کے ہاتھ میں ہوتا ہے ، اگر کمزور کے ہاتھ میں انصاف دے دیا جائے نا، تو انصاف الگ ہوگا۔
ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کیسے مہاجر مزدوروں کو مار پیٹ رہی ہے اور ان پر جرائم کش چھڑکاؤ کر رہی ہے۔ یہ دونوں ایسے واقعات ہیں جو کورونا کے دوران حقیقت میں پیش آئے تھے۔ یہ ٹریلر سال 2020 کے اس درد ناک حقیقت کو یاد دلاتا ہے جب آبادی کے ایک مخصوص حصے کے ساتھ ایک ایسے وقت میں توہین آمیز سلوک کیا گیا جب وہ سب سے زیادہ کمزور تھے اور جب انہیں حکومت کی حمایت کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔