نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے منگل کو رشی سنک کو برطانیہ کا پہلا بھارتی نژاد وزیر اعظم بننے پر پذیرائی کی ہے۔ انسٹاگرام پر امیتابھ نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ' جے بھارت۔۔ اب برطانیہ میں بالآخر مادر وطن سے ایک نیا وائسرائے وزیراعظم ہے'۔Amitabh Bachchan on Rishi Sunak
اس تصویر میں امیتابھ بچن گرے رنگ کی ہوڈی اور ٹریک پینٹ میں زبردست نظر آرہے ہیں۔ لز ٹرس کے برطانوی وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ کے بعد کنزرویٹو پارٹی کے رہنما رشی سنک گزشتہ روز برطانیہ کے پہلے بھارتی نژاد وزیراعظم بن گئے ہیں۔
سنک کی قسمت کا ستارہ تب چمکا جب لزٹرس کے دورِ اقتدار میں پیش کیے گئے منی بجٹ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وزیراعظم لز ٹرس کے استعفی دینے کے بعد ان کی کابینہ نے بھی استعفی دینا شروع کردیا۔لز، صرف 45 دن کے لیے اس عہدے پر فائز رہیں اور اس کے ساتھ ہی وہ برطانوی تاریخ کی پہلی ایسی وزیراعظم رہیں جنہوں نے سب سے کم مدت تک اس عہدے کی ذمہ داری سنبھالی۔ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے کھڑے ہوتے ہوئے لزٹرس نے کہا کہ وہ تسلیم کرتی ہیں کہ انہیں معاشی حالات بہتر کرنے کے مینڈیٹ کے ساتھ وزیرِاعظم کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن وہ یہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔