حیدرآباد (تلنگانہ): حالیہ ریلیز ہوئی بلاک بسٹر فلم برہمسترا پارٹ ون: شیوا کو فلمی ناقدین اور شائقین کی جانب سے ملے جلے ردعمل ملے ہیں۔ فلم کی مرکزی اداکار عالیہ بھٹ نے فلم کو ناپسند کیے جانے پر کہا ہے کہ 'شائقین کو اپنی رائے کا اظہار کرنے اور فلم پر تنقید کرنے کا حق ہے۔ اس کے علاوہ کچھ فلمی ناقدین نے رنبیر کپور اور امیتابھ بچن کی اداکاری سے سجی اس فلم کی کہانی اور مکالموں کو بھی 'انتہائی مایوس کن' قرار دیا ہے۔Alia Bhatt on Brahmastra Reviews
یہ فلم 9 ستمبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی ہے۔ فلمی ناقدین کے منفی تجزیہ کے باوجود فینٹسی ایکشن ایڈونچر فلم نے باکس آفس پر مجموعی طور پر 300 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے۔
جمعرات کو احمدآباد میں برہمسترا کی تشہیری تقریب کے دوران عالیہ بھٹ نے کہا کہ ' ہمارے پاس دو آپشن ہیں یا تو ہم مثبت چیزوں پر توجہ دیں یا منفی چیزوں کے بارے میں سوچتے رہیں۔ تنقید، رائے کا اظہار کرنا اور فیڈ بیک دینا شائقین کا حق ہے۔ ہم صرف منفی چیزوں کے بجائے مثبت چیزیں حاصل کرنے کی امید کرسکتے ہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح برہمسترا نے ریلیز کے بعد سے 'باکس آفس پر آگ لگا دی ہے'، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم صحیح سمت میں جا رہی ہے۔ اس دوران عالیہ کے ساتھ ان کے شوہر اور اداکار رنبیر اور ہدایت کار آیان مکھرجی بھی موجود تھے۔