ممبئی (مہاراشٹر): اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے جس کی ہدایت کاری کسی اور نے نہیں بلکہ اداکارہ کے دوست اور استاد کرن جوہر کررہے ہیں۔ منگل کو کرن نے انسٹاگرام پر ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی۔ اس کلپ میں عالیہ فلم کی کاسٹ اور عملے کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں اور فلم کے سیٹ پر اپنے آخری دن سے لطف اندوز ہورہی ہیں۔فلم کے مرکزی اداکار رنویر سنگھ بھی اس کلپ میں نظر آرہے ہیں۔
اور بلاشبہ ویڈیو کا بہترین حصہ وہ ہے جس میں عالیہ اپنے شوہر رنبیر کپور کے انداز میں نظر آرہی ہیں۔ چونکہ یہ سیٹ پر عالیہ کا آخری دن ہے اس لیے کرن نے اپنی فلم ' اے دل ہے مشکل' میں رنبیر کا مقبول نغمہ 'چنا میریا' لگا دیا۔ گانا سننے کے بعد عالیہ نے رنبیر کی طرح چنا میریا پر ڈانس کر سب کو حیران کردیا۔ عالیہ کی رنبیر کے گانے پر رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔