پربھاس اور کریتی سینن کی فلم آدی پروش کا دوسرا ٹریلر گزشتہ روز ریلیز کردیا گیا ہے۔ منگل کے روز ٹریلر لانچ کے موقع پر فلمساز اوم راوت نے فلم کے پروڈیوسرز اور ڈیسٹریبیوٹرس سے ایک انوکھی درخواست کی ہے۔ بھوشن کمار کی ٹی سیریز کے بینر تلے بننے والی فلم آدی پروش 16 جون کو ہندی، تمل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم میں سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ راوت نے میکرز سے درخواست کی کہ دنیا بھر کے جس بھی تھیٹر میں یہ فلم دکھائی جائے وہاں فلم کے ہر شو میں ایک سیٹ بھگوان ہنومان کے لیے خالی رکھی جائے۔Seat Vacant For Lord Hanuman
روات نے کہا کہ 'میری ماں کہتی ہیں جب بھی رامائن پڑھی جاتی ہے یا دیکھی جاتی ہے، ہنومان جی اسے دیکھنے آتے ہیں۔ لہٰذا میری بھوشن صاحب، انیل تھڈانی، ڈسٹری بیوٹر صاحب سے درخواست ہے کہ ہمارے ہنومان جی کے لیے آدی پورش کے ہر شو میں ایک سیٹ خالی رکھی جائے۔ دنیا میں ہر جگہ جہاں کہیں بھی آدی پورش کا شو ہوتا ہے، میں پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ہنومان جی کے لیے ایک سیٹ خالی رکھیں، وہ رامائن دیکھنے آئیں گے،'۔
جس کے بعد فلم کے پروڈیوسرز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس کا اعلان کیا۔ اس بیان میں لکھا ہے کہ 'جہاں بھی رامائن پڑھی جاتی ہے وہاں بھگوان ہنومان آتے ہیں۔ یہ ہمارا عقیدہ ہے۔ اس عقیدے کا احترام کرتے ہوئے پربھاس کی فلم آدی پروش کی نمائش کے دوران ہر تھیٹر میں بھگوان ہنومان کے لیے ایک سیٹ فروخت کیے بغیر خالی رکھی جائے گی'۔