حیدرآباد:تامل سپر اسٹار رجنی کانت نے ہفتہ کو لکھنؤ میں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی۔ اس سے قبل گذشتہ جمعہ کو لکھنؤ میں 'جیلر' کی خصوصی اسکریننگ کی گئی، جس میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے شرکت کی۔ اس دوران رجنی کانت کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ وزیر اعلیٰ یوگی کے پیر چھوتے نظر آ رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں جیلر کے لیڈ اداکار رجنی کانت کو اپنی کار سے نیچے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ لوگوں کو سلام کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی سپر اسٹار کا استقبال کرنے کے لیے دروازے پر پہنچتے ہیں۔ اس دوران رجنی کانت نے جھک کر یوگی کے پیر چھوئے۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں روکتے ہوئے اوپر اٹھایا۔ سپر اسٹار کا یہ ویڈیو پر سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ متعدد صارفین نے رجنی کانت کے یوگی کے پیر چھونے پر اعتراضات کیے ہیں۔ کسی نے یوگی کے سیاست اور ان کے نظریے کی بنیاد پر رجنی کانت کے اس عمل کی مخالفت کی ہے تو کچھ لوگوں نے سی ایم یوگی کی عمر کو لے کر رجنی کاننت کے پیر چھونے پر سوال اٹھائے ہیں۔ جب کہ یوگی کے حامیوں نے اس ویڈیو کو پسند کیا ہے۔