ممبئی: سپر اسٹار عامر خان نے جمعرات کو کہا کہ وہ ایک سال بعد اداکاری میں واپسی کریں گے اور بڑی اسکرین سے دور رہ کر وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہیں گے۔ عامر خان جن کی آخری فلم لال سنگھ چڈھا باکس آفس پر ناکام رہی، وہ آئندہ فلم سلام وینکی میں ایک خاص کردار میں نظر آئیں گے۔Aamir Khan Return to Big Screens
تاہم 57 سالہ اسٹار کا فی الحال کسی بھی فلم میں کام کرنے کا کوئی ارادنہ نہیں ہے۔ عامر خان نے ریوتی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم سلام وینکی کے پریمیئر کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ ' میں ابھی کچھ نہیں کر رہا ہوں، میں طویل عرصے سے کام کر رہا ہوں اس لیے اب میں فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ پانی فاؤنڈیشن پر کام جاری ہے اور اس کے علاوہ کچھ اور بھی کام ہیں۔ میں ایک سال بعد اداکاری میں واپس آؤں گا۔ لیکن آپ مجھے اس فلم (سلام وینکی) میں ایک چھوٹے کردار میں دیکھ سکتے ہیں'۔
سپر اسٹار نے پچھلے مہینے فلمی دنیا سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لینے کے بارے میں اپنے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ سلام وینکی، جس میں کاجول اور وشال جیٹھوا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، کی کہانی شطرنج کے نوجوان کھلاڑی کولاوینو وینکٹیش کی زندگی پر مبنی ہے، جنہیں Duchenne Muscular dystrophy (DMD) بیماری تھی۔ ان کا انتقال 2004 میں 24 سال کی عمر میں ہوگیا تھا۔