ممبئی: بالی ووڈ(Bollywood) میں کھلاڑی کمار (Khiladi Kumar) یعنی اکشے کمار کا نام ان چنندہ اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے تقریباً 32 برسوں سے اپنی دمدار اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام بنا لیا ہے۔ اکشے کمار کا اصل نام راجیو بھاٹیہ (Rajive Bhatiya) ہے۔اکشے کمار کی پیدائش 9 ستمبر 1967 کو پنجا ب کے امرتسر میں ایک متوسط گھرانے میں ہوئی تھی۔ اکشے کا بچپن دہلی میں گذرا۔ پڑھائی پوری کرنے کے بعد اکشے بینکاک چلے گئے اور وہاں شیف کا کام کرنے لگے۔ اس دوران وہ وہاں مارشل آرٹ سیکھتے رہے۔
بینکاک سے لوٹنے کے بعد اکشے کمار ممبئی آگئے اور مارشل آرٹ ٹرینر(martial arts trainer) کے طور پر کام کرنے لگے۔ اسی دوران اکشے کی ملاقات فلم ہدایت کار پرمود چکرورتی سے ہوئی ۔ انہوں نے اکشے کو فلم دیدار میں کام کرنے کی پیش کش کی۔ حالانکہ اس سے پہلے ان کی فلم سوگندھ ریلیز ہوگئی تھی۔ دریں اثنا عباس مستان کی نظر اکشے کمار پر پڑی۔ انہوں نے اپنی 1992 میں ریلیز ہوئی فلم کھلاڑی میں انھیں کام کرنے کا موقع دیا۔ سسپنس اور رومانس(suspense and romance ) سے بھرپور یہ فلم باکس آفس (Box Office) پر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم کے بعد اکشے نے فلم انڈسٹری میں اپنے قدم جمانے شروع کردیئے۔
اس فلم کے بعد اکشے کمار کی کھلاڑی کے نام سے کئی فلمیں ریلیز ہوئیں۔ سال 1994 اکشے کمار کے کیرئیر کے لئے بہت اہم ثابت ہوا۔ان کی کئی فلمیں ہٹ رہیں۔ 1997 میں فلم دل تو پاگل ہے (Dil To Pagal Hai) سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ 2002 کی فلم ہیرا پھیر ی اکشے کمار کی سپر ہٹ اور اہم فلم تھی۔ سال 2007 میں اکشے کمار کی ایک اور سپرہٹ فلم نمستے لندن آئی۔ اس کے بعد 2008 میں سنگھ از کنگ بھی کامیابی کی بلندیوں پر پہنچ گئی۔ اس فلم میں اکشے نے ایک مزاحیہ سردار کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم 2008 کی سب سے زیادہ کامیاب فلم شمار کی گئی۔