سترہویں لوک سبھا انتخاب (2019) کے لیے ساتویں اور آخری مرحلہ میں آٹھ پارلیمانی حلقوں میں جہاں اتوار کو ووٹنگ ہونی ہے ان میں نالندہ ، پٹنہ صاحب ، پاٹلی پتر ، آرہ ، بکسر ، سہسرام (محفوظ ) کاراکاٹ اور جہان آباد شامل ہیں۔
بہار میں تھم گیا انتخابی تشہیر کا شور
بہار کی چالیس میں سے بقیہ آٹھ پارلیمانی سیٹوں پر جہاں آخری مرحلہ میں 19 مئی کو چا رمرکزی وزرأ سمیت 167 امیدواروں کا ووٹنگ کے ذریعہ انتخابی قسمت کا فیصلہ ہوگا وہیں آج شام چھ بجے تشہیر ی مہم تھم گئی اور اب امیدوار گھر۔ گھر جاکر ووٹ مانگنے میں مصروف ہیں۔
ان علاقوں میں 1.52 کروڑ ووٹر 19 مئی کو صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ووٹنگ کریںگے ۔ نکسل متاثرہ پاٹلی پتر لوک سبھا حلقہ کے مسوڑھی اور پالی گنج ، کاراکاٹ لوک سبھا حلقہ کے ڈہری ، کاراکاٹ ، چین پور ، چینار اور سہسرام اسمبلی حلقہ میں ووٹنگ صبح سات بجے سے شام 4 بجے تک ہو گی جبکہ دیگر علاقوں میں شام چھ بجے تک ووٹنگ ہوگی۔
ان آٹھ پارلیمانی حلقوں سے قسمت آزمارہے قدرآور رہنماؤں میں چار مرکزی وزیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے روی شنکر پرساد ( پٹنہ صاحب ) ، رام کرپال یادو ( پاٹلی پتر ) آر کے سنگھ ( آرہ ) اشونی چوبے ( بکسر ) کے علاوہ کانگریس کے شتروگھن سنہا ( پٹنہ صاحب) راشٹریہ جنتادل ( آر جے ڈی ) کی ڈاکٹر میسا بھارتی ( پاٹلی پتر) ، آر جے ڈی کے جگدانند سنگھ ( بکسر ) راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی ) کے اپندر کشواہا ( کارا کاٹ ) اور کانگریس کی میرا کمار اور بی جے پی کے چھیدی پاسوان ( دو نوں سہسرام )شامل ہیں۔