کوچ بہار میں کل 11امیدوار ہیں جس میں بایاں محاذ کی حلیف جماعت فارورڈ بلاک،کانگریس،ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے امیدوار شامل ہیں۔تاہم اصل مقابلہ اس وقت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے۔ترنمول کانگریس نے پریش چندرا ادھیکاری کو امیدوار بنایا ہے۔جب کہ ترنمول کانگریس نے اپنے موجود ممبرپارلیمنٹ پارتھا پریتم کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔انہوں نے 2016میں بہت ہی بڑے فرق سے ضمنی انتخاب میں جیت حاصل کی تھی۔
آل انڈیا فارورڈ بلاک نے گووند چندرا رائے،کانگریس نے پیا چودھری اور بی جے پی نے نیش پرامانک کو امیدوار بناہا ہے۔کوچ بہار میں کل 18, 09, 598ووٹرس ہیں جس میں 9,40, 948 مرد اور 8, 68, 632ووٹرس خواتین ہیں جب کہ 18ووٹرس تیسری صنف کے ہیں۔اس مرتبہ کوچ بہار میں صرف ایک خاتون امیدوار ہیں۔
علی پور دوار میں کل سات اسمبلی حلقے ہیں اور یہاں تمام بڑی جماعتوں نے اپنے امیدوار دیے ہیں جس میں ترنمول کانگریس، بایاں محاذ کی حلیف جماعت آر ایس پی اور بی جے پی شامل ہیں۔علی پور دوار کے ممبرپارلیمنٹ دسرتھ ترکی ایک بار پھر ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔آر ایس پی نے میلی اورا کو امیدوار بنایا ہے۔جب کہ بی جے پی نے جوہن برلا اور کانگریس نے موہن لال باسو ماتا کو امیدوار بنایا ہے۔علی پور دورا میں کل ووٹروں کی تعداد16, 42, 285 ہے جس میں مردو وٹرس کی تعداد8, 31, 051،خواتین ووٹرس کی تعداد 811208 ہے اور 26ووٹروں کا تعلق تیسری صنف سے ہے۔یہاں کل 1834بوتھ ہیں۔کل سات امیدواروں میں سے صرف ایک خاتون امیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن نے منصفانہ اور پرامن پولنگ کیلئے سیکورٹی کے انتظامات سخت کیے ہیں۔مرکزی وریاستی فورسیس کو تمام بوتھوں پر تعینات کیا گیا ہے۔پہلی مرتبہ یہاں اسپیشل پولس آبزرور ویویک دوبے کو تعینات کیا گیا ہے۔ای وی ایم مشین کے ساتھ تمام بوتھوں پر وی وی پی اے ٹی بھی لگائے گئے ہیں۔
کوچ بہار میں وزیرا عظم مودی اور وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ریلیاں کی ہیں۔ممتا بنرجی نے اپنی تقریر وں میں وزیر اعظم مودی کے خلاف سخت بیانات دیے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے پر الیکشن کمیشن پولنگ سے محض 36گھنٹے قبل کوچ بہار کے ایس پی کا تبادلہ کردیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کی تمام باتوں پر الیکشن کمیشن عمل کررہی ہے۔مگرووٹ عوام کو دینے ہیں اور ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔