کٹک: اڈیشہ کے کٹک میں کرکٹر راج شری سوین کی پراسرار موت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ کھلاڑی کی موت دم گھٹنے سے ہوئی جس کے سر پر چوٹ کے نشانات پائے گئے۔ پولیس اس معاملے میں ویزرا رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے تاکہ کرکٹر کی موت کے پیچھے مخصوص وجہ معلوم کی جا سکے۔
بتادیں کہ راج شری 11 جنوری سے کٹک شہر کے ایک سلیکشن کیمپ سے اچانک لاپتہ ہو گئی تھیں۔ پوری ضلع کے رامچندی پولیس اسٹیشن کے تحت بھوگاؤں کی رہنے والی راج شری ان 25 کھلاڑیوں میں شامل تھی جنہیں پڈوچیری میں ہونے والے سینئر خواتین کے ون ڈے کرکٹ میچ کے پہلے تین میچوں کے لیے بطورکھلاڑی انتخاب کرنے کے لیے منعقدہ کیمپ میں شامل کیاگیاتھا۔ حالانکہ راج شری منتخب امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں ہوئیں، لیکن ان کے دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک آل راؤنڈر کھلاڑی تھیں۔ امیدواروں کے انتخاب کے بعد تمام کھلاڑی پریکٹس کے لیے ٹانگی کے ڈریمز کالج گئیں، جب کہ راج شری نے اپنے کوچ کو بتایا کہ وہ اپنے والد سے ملنے جارہی ہے، لیکن واپس نہیں آئیں۔ اس کے بعد اس کا فون بند پایا گیا اور 13 جنوری کو راج شری کی لاش کٹک کے اتھا گڑھ علاقے کے جنگل میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔
راج شری کی پراسرار موت کیس میں ایک اہم موڑ 15 جنوری کو اس وقت آیا جب پولیس کو راج شری کے اسکوٹر سے ایک مبینہ خودکش نوٹ ملا جو کٹک کے جنگلی علاقے کے قریب لاوارث پایے گئے تھے۔ راج شری کے لکھے ہوئے نوٹ میں اس نے اپنے کوچ اور اوڈیشہ کرکٹ ایسوسی ایشن (او سی اے) کے ایک سابق عہدیدار کو اپنی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔