بہار کے ضلع گیا میں گذشتہ دنوں ایک چوکیدار کے بیٹے کے قتل معاملے میں پولیس نے ایک خاتون سمیت چار ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گیا میں واقع چندوتی تھانہ کے چوکیدار کا بیٹا سنجے پاسوان کو گزشتہ 10 جولائی کو کچھ نامعلوم شرپسندوں نے قتل کردیا تھا، اس معاملے میں گیا پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت چار ملزمین کو آج گرفتار کر لیا ہے۔
قتل کے تعلق سے پولیس نے بتایا کہ 'چوکیدار کے بیٹے کا قتل ایک لڑکی سے عشق کی وجہ سے ہوا ہے۔ گرفتار خاتون کے کہنے پر شرپسندوں نے سنجے پاسوان کا قتل کیا ہے۔'
پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں کلیدی ملزم بندو پاسوان عرف جتیندر کا گرفتار خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جبکہ مہلوک سنجے پاسوان اور گرفتار خاتون کی بھانجی کے درمیان کئی برسوں سے عشق چل رہا تھا۔ اسی بات پر سنجے پاسوان کا قتل کیا گیا۔
ایس ایس پی گیا آدتیہ کمار نے بتایا کہ گزشتہ دس جولائی کو چوکیدار کے بیٹے کا قتل ہوا تھا، جس کے بعد مقتول کے اہل خانہ کے ذریعے چندوتی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی، اس معاملے کو پولیس نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔