بہار کے ضلع کیمور میں درگاوتی تھانہ میں گذشتہ روز ایک خاتون کی جانب سے اجتماعی جنسی زیادتی کی شکایت کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ اس معاملے میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے چار ملزمین کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔
گرفتار کیے گئے تمام ملزمین ڈمری ٹولہ بہوریا کے رہنے والے ہیں۔ اس کیس کے متعلق ایس ڈی پی او موہنیاں رگھو ناتھ سنگھ نے بتایا کہ جنسی زیادتی کا یہ واقعہ تیرہ فروری کی شام کو پیش آیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ درگاوتی تھانہ علاقہ کے بچھیا موضع کی رہائشی ایک خاتون دیر شام باہر بیت الخلاء کے لیے گئی تھی۔ اسی دوران وہاں پہلے سے موجود چار شرپسند افراد میں سے دو لوگوں نے اس خاتون کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کی گھناؤنی واردات کو انجام دیا، باقی دو نوجوان پہرہ دینے کا کام کر رہے تھے۔