سماجی کارکن منیش شرما کی قیادت میں شہر کی متعدد تنظیموں کے ذمہ داران نے آج مہاتما گاندھی کاشی ودیا پیٹھ یونیورسٹی سے وارانسی کینٹ ریلوے اسٹیشن تک پیدل مارچ کر مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیش کے مرکزی عمارت پر جس طرح سے ہندی انگریزی میں سائن بورڈ لگے ہیں، اسی طرح سے حسب سابق اردو سائن بورڈ لگائے جائیں۔
سماجی کارکنان کی محنت رنگ لائی، وارانسی اسٹیشن پر اردو بورڈ لگایا گیا - march for urdu sign board
ریلوے ضابطے کے مطابق ہندی بیلٹ ( ہندی ریاستوں) کے ہر اسٹیشن میں سائن بورڈ ہندی، اردو اور انگریزی میں لگنی چاہیے۔
اس مارچ کا اعلان کئی دنوں قبل سماجی تنظیموں کی جانب سے کیا گیا تھا، تاہم مارچ کے پہلے ہی گذشتہ شام اسٹیشن انتظامیہ نے اردو سائن بورڈ اسٹیشن کے مرکزی عمارت پر لگادیا ہے، لیکن بورڈ میں املے کی فحش غلطیاں ہیں اور حسب سابق کی طرح اردو بورڈ کو اس کے مقام پر نہیں لگایا گیا جس پر سماجی کارکنان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کینٹ اسٹیشن کے سامنے نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا ہے کہ املے کی غلطی کو درست کیا جائے اور گھڑی کے نیچے اسی مقام پر اردو سائن بورڈ لگایا جائے جہاں پہلے لگا تھا۔
سماجی کارکن منیش شرما نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ' ریلوے انتظامیہ نے اردو بورڈ لگایا اس بات پر خوشی ہے، لیکن املا کی غلطی اور اس کو اسی مقام پر نہیں لگایا جہاں پہلے بورڈ لگا تھا۔ ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کو جلد از جلد درست کیا جائے۔ وہیں اسٹیشن انتظامیہ کی جانب سے بھی اس سلسلے میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کی املے کی غلطی کو درست کیا جائے گا اور بورڈ کو اسی مقام پر دوبارہ لگایا جائے گا۔
منیش شرما نے یہ بھی بتایا کہ اردو کے حوالے سے ریاست اترپردیش میں ہورہے امتیازی سلوک کے خلاف یہ پہلی آواز ہے اس کی شروعات بنارس سے ہوئی ہے۔ اب اردو کے حوالے سے جو بھی معاملات حکومت کی جانب سے کیے جا رہے ہیں اس کے خلاف آواز بلند ہوگی اور یہ ریاستی سطح کی تحریک چلائی جائے گی۔