ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور میں شہر کے تاریخی شاہی پل پر واقع شاہی شیر والی مسجد میں بروز منگل کو شیخو شاہ کا 41واں عرس انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔
جونپور: شیخو شاہ کا 41واں عرس مبارک عرس میں ہر مذہب و ملت کے لوگوں نے مزار پر چادر پوشی کرکے اپنی محبت و عقیدت کا نذرانہ پیش کیا، صبح سے لے کر دیر رات تک مزار پر عقیدت مندوں کا ہجوم لگا رہا۔
عرس کے موقع پر مسجد کے صحن میں ایک جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس کو مولانا محی الدین ہشام نے خطاب کیا، جلسے کی صدارت نسیم صدیقی نے فرمائی۔
بعد نمازِ ظہر ایک طرحی نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شاعروں نے عمدہ سے عمدہ اشعار سامعین کو سنائے، جس سے پوری محفل واہ واہ کی صدا سے گونج اٹھی، عصر کی نماز کے بعد مزار پر چادر پوشی و گلپوشی کی گئی اور قل شریف کا بھی اہتمام کیا گیا۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں شاہی شیر مسجد کے امام قاری اشتیاق احمد ضیاء جونپوری نے بتایا کہ یکم شعبان المعظم کو حضرت شیخو شاہ بابا کا عرس عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے، عرس میں پوروانچل کے اضلاع سے عقیدت مند اور شہر کے معززین نے شرکت کرکے بابا کے دربار میں انہوں نے عقیدت و محبت کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ حضرت شیخو شاہ سلطنت مغلیہ کے دور میں جونپور تشریف لائے اور شیخو شاہ کی دعاؤں کی بدولت شیر شاہ سوری بادشاہت کی منزلت تک پہنچ سکے تھے۔