بنارس کے معروف سماجی کارکن، مختلف ہسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر اکبر علی کا آج علی الصبح بنارس کے بُلا نالہ علاقے میں سڑک حادثے میں انتقال ہو گیا۔ وہ 61 برس کے تھے۔ ڈاکٹر اکبر علی کے انتقال سے پورا شہر سوگوار ہے۔
جمیعت علماء ہند و شہر کی سرکردہ شخصیات و معزز ہستیوں نے ڈاکٹر اکبر علی کے انتقال پر تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔ڈاکٹر اکبر علی الصبح اپنے معمول کے تحت اسکوٹی سے رام کٹورہ علاقے میں واقع ایک نجی ہسپتال میں ڈیوٹی کرنے جا رہے تھے اسی دوران کنکریٹ مکسر مشین ٹرک کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئے۔
علاقائی لوگوں و پولیس اہلکار نے زونل ہسپتال کبیرہ میں علاج کے لیے داخل کرایا تاہم ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔جائے حادثہ پر پہونچ کر کوتوالی پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لے لیا ہے جبکہ ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا ہے۔ پولیس ٹرک کے نمبر کی مدد سے مالک کا پتہ لگا رہی ہے۔ اہل خانہ نے اس حادثے کو انتظامیہ کی لاپرواہی قرار دیا ہے۔