اردو

urdu

معروف نغمہ نگار شکیل اعظمی سے خصوصی گفتگو

By

Published : Dec 28, 2020, 8:23 PM IST

بالی وڈ کے مشہور و معروف نغمہ نگار شکیل اعظمی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کی ہے۔ انہوں نے متعدد موضوعات پر بےلاگ خیالات کا اظہار کیا۔

بالی ووڈ نغمہ نگارشکیل اعظمی سے خاص گفتگو
بالی ووڈ نغمہ نگارشکیل اعظمی سے خاص گفتگو

بالی ووڈ کے معروف نغمہ نگار شکیل اعظمی نے مرزا اسد اللہ خان غالب کی شاعری پر کہا کہ' غالب کو اب صرف اردو زبان میں نہیں پڑھا جاتا ہے بلکہ دنیا کی مختلف زبانوں میں غالب کو سمجھنے کی کوشش کی جاتی ہے کیوں کہ غالب ہمہ جہت شخصیت کے حامل اور مفکر تھے'۔

بالی ووڈ نغمہ نگارشکیل اعظمی سے خاص گفتگو

یہی وجہ ہے کہ ان کے یوم پیدائش کے موقع پر ملکی و بین الاقوامی سطح پر ادبی پروگرامز کا انعقاد ہوتا ہے۔ ان کی بلند پایہ شخصیت کا اندازہ صرف اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک ان پر ہزاروں اردو کے بہی خواہوں نے نے ریسرچ کیے ہیں۔ ان کی خدمات اردو زبان کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے معروف نقاد و ادیب شمس الرحمان فاروقی کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ' اردو زبان کا بہت بڑا ادیب، نقاد، ناول نگار، شاعر اور صحافی چلا گیا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ادب کے لیے وقف کردی تھی اور ایسا کارہائے نمایاں انجام دیا کہ ادب کے کسی بھی شعبے کا جائزہ لیں وہ وہاں موجود پائے جائیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ' فاروقی صاحب اردو زبان و ادب میں جدیدیت کے علمبردار تھے اور اس کو فروغ دینے کے لیے ایک میگزین 'شب خون' کا آغاز کیا تھا جس نے جدیدیت کو جلا بخشا تھا۔

اعظمی نے کہا کہ' بالی ووڈ کی دنیا میں نغمہ نگاری دن بدن زوال پذیر ہوتی جارہی ہے، زمانہ قبل کے نغمے کو دور حاضر کے نغمے سے موازنہ کریں تو صاف واضح ہوجائے گا کہ بے معنی نغمات کا دور دورہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ نوجوان نسل اچھے نغمات کو سننے میں دلچسپی نہیں لیتی ہے، بلکہ بیشتر نوجوان پرانے نغمے کو سنتے ہیں اور گنگناتے بھی ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ نغمہ نگار اپنے سامعین و ناظرین پر بھروسہ نہیں کر پائے اور نہج بدل دی۔

انہوں نے بالی ووڈ کی کہانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ' بارہا ایسا ہوا ہے کہ قلم سے سمجھوتا کرنا پڑا ہے بعض فلمی ہدایت کار نہ صرف پورا مصرعہ تبدیل کرنے کو کہتے ہیں بلکہ پورا پورا نغمہ ہی بدل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ' اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ بزنس، آرٹ پر غالب آگیا ہے، جس کے سبب اس نوعیت کے مسائل سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے سیاسی بیان بازی کے حوالے سے کہا کہ ہم صرف شاعر ہیں اور اپنی شاعری سے سماج کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔ بالی ووڈ کے معروف نغمہ نگار جاوید اختر ایک شاعر کے ساتھ ساتھ سماجی کارکن بھی ہیں، جس کہ وجہ سے وہ بے باکی سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:غالب کے یوم پیدائش پر خصوصی رپورٹ

واضح رہے کہ شکیل اعظمی نے مشہور نغمہ 'تو بن جا گلی بنارس کی' فلم، شادی میں ضرورآنا کے لیے لکھا تھا، جس کے بعد یہ نغمہ ان کی شہرت کا سبب بن گیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details