ریاست اترپردیش کے ضلع بنارس کے ملدیہ چوراہے پر دہلی میں مظاہرہ کر رہےکسانوں کی حمایت میں گلے میں پھانسی کا پھندا ڈال کر سماجی کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر سماجی کارکنان نے وزیراعظم نریندر مودی اور برسر اقتدار سیاسی جماعت بی جے پی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور کسانوں کے لیے منظور شدہ نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سماجی کارکن ہریش مشرا نے کہا کہ دہلی کی سرحد پر سرد موسم میں کسانوں پر واٹر کینن ڈالے گئے، کسانوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی۔موجودہ حکومت نے کسانوں کے لئے تین سیاہ قانون پاس کراکر کسانوں سے ساتھ نا انصافی کی ہے۔