شمالی اترپردیش کی بنارسی ساڑی پورے ملک میں مشہور ہے، بالی وڈ اسٹار سے لے کر کے امیر ترین سرمایہ داروں نے بنارسی ساڑی کی خوب تعریف کی اور اسے زیب تن کیا لیکن لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کے بیچ بنارس، مئو، اعظم گڑھ اور مبارک پور کے لاکھوں بنکرز کو فاقہ کشی اور بے روزگاری کے قہر سے شدید متاثر ہیں.
بنارس کے رسولپورہ علاقے میں رہنے والے ابوبکر نے کہا کہ بنارس کے بنکر پاور لوم بند ہوجانے کی وجہ سے کثیر تعداد میں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بیشتر بنکر پاورلوم کو فروخت کر رہے ہیں اور دوسرے کاروبار میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
ابو بکر نے مزید کہا کہ ریشمی دھاگے سے چمکدار بنارسی ساڑی بنانے والے بنکر اب سبزی فروخت کرنے یا دیگر روز مرہ میں استعمال ہونے والی اشیاء کی دکان لگانے پر مجبور ہیں، وہیں بیشتر بنکر ایسے بھی ہیں جن کے پاس نہ کھانے کے لیے سامان ہے اور نہ ہی دکان لگانے کے لیے سرمایہ اب ان کے سامنے شدید پریشانی ہے.