جموں و کشمیر پولیس نے منگل کے روز سرینگر کے لال چوک سے ایک شخص کو گرفتار کیا اور اس سے دو گرینیڈ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک سینئر آفیسر کے مطابق 'آج دوپہر شہر کے مکّہ مارکیٹ کے نزدیک دو افراد کو شک کی بنیاد پر روک کر تلاشی لی، تلاشی کے دوران اُس کے بیگ سے دو گرینیڈ برآمد کیے'۔
اس تعلق سے سینئر افسر کا مزید کہنا تھا کہ' دونوں ملزمین (عادل فاروق اور زاہد احمر نجار) فرار ہونے کی کوشش کی جس میں عادل کو پکڑ لیا گیا جبکہ زاہد فرار ہونے میں کامیاب ہو ا'۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'عادل ایک مقامی نیوز ایجنسی میں کام کرتا ہے اور پامپور کا رہنے والا ہے۔ اس نے سینٹرل یونیورسٹی کشمیر سے صحافت کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اس سے قبل سنہ 2019 میں بھی اسے گرفتار کیا گیا تھا'۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 'اس وقت عادل سے تفتیش کی جارہی ہے امید ہے کہ اس تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں ہوں'۔