ایک اندازے کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں تقریباً 85 کروڑ سے زائد افراد گردوں کے مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ وہیں گزشتہ کچھ برسوں کے دوران ملک کے ساتھ ساتھ کشمیر وادی میں بھی گردوں کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جب کہ بلالحاظ عمر بڑی تعداد میں لوگ گردوں کی بیماری میں مبتلا ہورہے ہیں۔
گردوں کی بیماری کے شکار افراد زندگی اور موت کی جنگ لڑنے پر مجبور ہوجاتے ہیں جب کہ اس کے علاج کے لیے کافی رقم خرچ ہوتی ہے جو غریب آدمی کے بس کی بات نہیں ہوتی۔
ایک سروے کے مطابق جموں و کشمیر میں آبادی کے 10 فیصد افراد میں گردے کی پتھری پائی جاتی ہے اور تقریباً 70 فیصد آبادی گردوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس صورہ کے شعبۂ نفرولوجی میں ہر سال گردوں کی مختلف بیماریوں میں مبتلا 40 ہزار مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے جب کہ سال میں گردوں کی پیوندکاری کے 40 آپریشن کئے جاتے ہیں۔