جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیان میں بھی لوگ موسم سرما کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ یہاں کے لوگ سیب کے درختوں کی شاخ تراشی کرکے شاخوں کو جمع کرتے ہیں جس کے بعد اسے جلا کر ان سے کوئلہ حاصل کرتے ہیں۔ کوئلے کو موسم سرما کے لئے ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ سرما شروع ہوتے ہی کوئلہ گرمی دینے والی کشمیر کی روایتی کانگڑی میں بھر کر گرمی حاصل کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہاں کے لوگ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی غذائی اجناس اور اشیاء ضروریہ کا وافر اسٹاک اپنے گھروں میں جمع کرتے ہیں اور سردیوں سے بچنے کے لئے روایتی کانگڑیوں میں استعمال ہونے والے کوئلے کی کئی بوریاں گھروں میں دستیاب رکھتے ہیں اس کے علاوہ گرم ملبوسات کا بڑھ چڑھ کراستعمال کرتے ہیں۔
شوپیان ضلع میں آج کل بازاروں میں لوگوں کا کافی رش دیکھنے کو مل رہا ہے جس دوران لوگوں کی بھاری تعداد گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ کانگڑیوں کی خریداری کررہے ہیں۔ سڑکوں پر جگہ جگہ چھاپڑی فروشوں نے چھاپڑی لگا رکھی ہیں جن پر گرم ملبوسات، کمبل اور کانگڑیاں سجای گئی ہیں اور لوگ موسم سرما کی آمد کی تیاریوں میں خریداری کررہے ہیں۔