سری نگر: چند دنوں کے دوران رک رک کر بارش ہونے کے بعد محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 3 ستمبر موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں بھی متوقع ہیں۔ Weather forecast to dry in Kashmir
ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران معمول بوندا باندی ہوئی جبکہ اس مدت کے دوران گلمرگ میں3.0 ملی میٹر، پہلگام میں سب سے زیادہ17.6 ملی میٹر، کپوارہ میں 1.3 ملی میٹر اور قاضی گنڈ میں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ وادی میں بارشوں کے باعث کئی مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں بھی قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 16.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔