مرکزی حکومت کے عوامی آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے آیوش ڈاکٹر مونجپارہ مہندر بھائی نے آج گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج و اسپتال نواب باغ گاندربل کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیر نے آیوش "آپ کی دیوار" اقدام کے تحت دواؤں کے پودوں کے فروغ اور کاشت کے لیے کاشتکاروں کے لیے یک روزہ کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کی صدارت کی۔
مرکزی وزیر آیوش ڈاکٹر مونجپارہ مہندر بھائی نے گاندربل کے ہسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے صحت کے فروغ اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے ملک میں استعمال ہونے والی دواؤں کی جڑی بوٹیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کشمیر کو جڑی بوٹیوں کا خزانہ قرار دیا۔ وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت دسمبر 2022 کے اختتام تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے اور اس سلسلے میں کسانوں کے فائدے کے لیے مختلف اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر آیوش جے اینڈ کے ڈاکٹر موہن سنگھ نے اپنے خطاب میں میڈیکل پلانٹس کے ذریعے صحت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پچاس سال کے وقفے کے بعد یو ٹی میں پہلا یونانی میڈیکل کالج قائم کرنے پر وزارت آیوش کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل ڈاکٹر مونجپارہ مہندر بھائی نے او پی ڈی بلاک، آپریشن تھیٹر بلاک، ہسپتال کے اندر مختلف لیبز اور تعلیمی عمارت کے تمام بلاکس خاص طور پر فارماکولوجی، اناٹومی اور فزیالوجی لیبز کا معاینہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی سی گاندربل نے پی آر آئی کے مسائل سنے
انہوں نے BUMS کے پہلے سال کے طلباء کے ساتھ بھی بات چیت کی اور انہیں مستقبل کے قابل ڈاکٹر کے طور پر تیار کرنے کے لیے بہترین آیوش میڈیکل ایجوکیشن کی فراہمی پر زور دیا۔ اس موقع پر کالج کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر۔ شبیر احمد نے بتایا کہ یہ منصوبہ جے اینڈ کے ہاؤسنگ بورڈ کی جانب سے 32.50 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں صحت کی دیکھ ریکھ کےلئے سہولیات دستیاب ہیں اور مستقبل میں اس ہسپتال کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے مزید اضافہ کیا جائے گا۔